چترال۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2018ء) ٹائون ہال چترال میں بجٹ پر مشاورت کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کاانعقادکیاگیا ،جس میںمنتخب کونسلرز اور یونین کونسل کے دو سیکرٹریو ں نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر تیمور شاہ نے کہا کہ بجٹ سے پہلے اس مشاورتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد صاف اور شفاف طریقے سے بجٹ پیش کرنا ہے اور بجٹ میں ان منصوبوں کیلئے ترجیحات شامل ہیں جو اہم اورضروری ہیں، سی پی ڈ ی آئی جو ایک غیر سرکاری ادارہ ہے وہ صوبے بھر میں بجٹ پر مشاورتی پروگرام منعقد کروارہے ہیں،اس کا بنیادی مقصد بجٹ سازی پر مشاورت کرنا ہے اور ان مسائل کی نشاندہی کرنا ہے جو نہایت ضروری ہیں۔
مختلف اضلاع میں ضلع سطح پر بجٹ برانچ میں پچاسی آسامیاں خالی ہیں۔
سی پی ڈی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ رولز 2016 پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے بجٹ سازی میں شہریوں کی شمولیت یقینی بنایا جائے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کا پہلا ڈرافٹ اپریل میں پیش کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کی تجاویز کو بروقت شامل کیا جاسکے۔
سجاد احمد جو کونسلرز فورم کا صدر بھی ہے نے کہا کہ ہم نے یونین کونسل اور ویلیج کونسل کے سطح پر متعددمنصوبوں کیلئے بجٹ رکھا تھا وہ کئی بار منقطع ہوا اور کئی منصوبے ادھورے رہ گئے،چند منصوبوں کیلئے بہت تاخیر سے پہلا قسط ریلیز ہوئی مگر اس کے بعد دوسرے قسط میں کوئی فنڈ ہی نہیں آیا۔ انہوںنے کہا کہ اب تو ویلیج کونسل کے پانچ لاکھ روپے کے منصوبوں کو بھی ٹینڈر کے ذریعے دیا جاتا ہے جبکہ ان پر پانچ ماہ لگتے ہیںاس میں سے اکثر ٹینڈر منسوح بھی ہوجاتا ہے جس پر مزید پانچ ماہ لگتے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ اگر ٹینڈر ہوبھی جائے تو بعض اوقات ٹھیکدار غائب ہوجاتا ہے، ویلیج کونسل کے ترقیاتی منصوبوں کا پہلا مرحلہ بھی ابھی تک نامکمل ہے، ویلیج کونسل کے سطح پر پانچ لاکھ روپے تک منصوبوں کو ٹینڈر کے بغیر پراجیکٹ لیڈر کے ذریعے مکمل کرنا چاہئے تاکہ فنڈ ضائع نہ ہو اور کام بھی معیاری ہو۔اجلاس میں شرکاء کی تعداد کم ہونے پر انجینئر تیمور شاہ نے نہایت مایوسی کا اظہار کیا۔